عراق میں حکام کے مطابق دارالحکومت بغداد کے شمال میں ایک ناکے پر خودکش کار بم حملے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق پیر کو خالس کے علاقے میں ہونے والے اس بم دھماکے میں لگ بھگ 35 افراد زخمی بھی ہوئے۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق بہت سے لوگ اپنی گاڑیوں میں ہی دم توڑ گئے، کیوں کہ دھماکا ایسے وقت ہوا جب علاقے میں داخلے کے لیے گاڑیاں ناکے پر کھڑی تھیں۔
right;">
اس حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن شدت پسند تنظیم داعش اس سے قبل ایسے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے۔
ایک روز قبل یعنی اتوار کو بھی عراق میں خودکش بم دھماکے میں کم از کم 12 افراد مارے گئے تھے۔
واضح رہے کہ عراقی فورسز ’داعش‘ کے خلاف برسرپیکار ہیں اور امریکہ کی قیادت میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائیوں کی مدد سے حالیہ مہینوں میں عراقی فورسز نے داعش کے قبضے سے بہت سا علاقہ واپس لے لیا ہے۔